ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں مسلمان سب سے بڑی آبادی؛20؍اگست کو ذات پات کے سروے کے اعداد وشمار میں اعلان متوقع

کرناٹک میں مسلمان سب سے بڑی آبادی؛20؍اگست کو ذات پات کے سروے کے اعداد وشمار میں اعلان متوقع

Tue, 09 Aug 2016 11:43:23  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو8؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) پچھلے سال ریاستی حکومت کی طرف سے ذات پات کی بنیاد پر جو سروے کروایا گیا اس کے متعلق میڈیا کے مختلف حلقوں میں ہمہ قسم کے اعداد وشمار منظر عام پر آئے، لیکن اب جو اعداد وشمار منظر عام پر آئے ہیں وہ چونکا دینے والے ہیں، کیونکہ تازہ اعداد وشمار میں کہاگیا ہے کہ ریاست میں مسلمان سب سے بڑا طبقہ ہیں۔ کچھ عرصہ قبل یہ اعداد وشمار ظاہر کئے گئے تھے کہ ریاست میں دلت طبقہ سب سے بڑا ہے اور اس کی آبادی 1.07 کروڑ کی ہے۔تازہ اعداد وشمار میں بھی دلتوں کی اس آبادی کے عدد سے بھلے ہی اتفاق کیا گیاہے، لیکن یہ بھی واضح کردیا گیاہے کہ دلتوں میں دائیں اور بائیں دو الگ الگ حصے ہیں، ان کو ایک مانا نہیں جاسکتا۔ ریاست کی 6.5 کروڑ آبادی میں اب سب سے بڑا طبقہ مسلمانوں کا ہے۔ان کی آبادی 70 لاکھ سے زائد ہے۔ اس سروے کے مطابق مسلمانوں میں کوئی الگ الگ گروپ نہیں ہے۔ اس حساب سے مسلمانوں کی آبادی 70 لاکھ دکھائی گئی ہے۔لنگایت فرقہ دوسرے نمبر پر ہے، جس کی آباد60لاکھ ہے، اس اعداد وشمار کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرناٹک ملک کی واحد ریاست ہے ،جس نے دلتوں کی ترقی کیلئے پیسہ پانی کی طرح بہایا ہے۔ رواں سال کے بجٹ کے مطابق آئندہ سال مارچ تک دلتوں کی ترقی کیلئے 60 ہزار کروڑ روپیوں کی رقم حکومت کرناٹک خرچ کرنے والی ہے۔ملک کی کسی ریاست نے دلتوں کیلئے اتنا خطیر فنڈ مہیا نہیں کرایا ہے۔ اقلیتوں کی ترقی کیلئے بھی ریاستی حکومت نے کئی منصوبے لاگو کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے ذات پات کے سروے پر مشتمل اعداد وشمار کا اعلان 20اگست کو آنجہانی سابق وزیراعظم راجیو گاندھی اور آنجہانی سابق وزیراعلیٰ دیوراج ارس کے جنم دن کے موقع پر کیا جائے گا۔ اس سروے کے اعداد وشمار میں تمام طبقات کی سماجی ، معاشی وتعلیمی صورتحال کا اندازہ لگایا جارہاہے۔ بھلے ہی ریاست میں دیگر آبادیوں کی تعداد زیادہ ہو، لیکن وہ مختلف خانوں میں بٹی ہوئی ہے۔مسلمانوں کا چونکہ متحدہ بلاک سامنے آیا ہے، اسی لئے مجبوراً تمام سیاسی جماعتوں کو یہ تسلم کرنا پڑے گاکہ مسلمان کرناٹک میں سب سے بڑی آبادی ہے۔ 


Share: